شاعر کا ماضی : ن م راشد

یہ شب ہائے گزشتہ کے جنوں انگیز افسانے
یہ آوارہ پریشاں زمزمے سازِ جوانی کے
یہ میری عشرت برباد کی بےباک تصویریں
یہ آئینے میرے شوریدہ آغاز جوانی کے
یہ اک رنگیں غزل لیلی کی زلفوں کی ستائش میں
یہ تعریفیں سلیمی کی فسوں پرور نگاہوں کی
یہ جذبے سے بھرا اظہار شیریں کی محبت کا
یہ اک گزری کہانی آنسوؤں کی اور آہوں کی
کہاں ہو او لیلی میری لیلی۔۔۔کہاں ہو او میری شیریں
سلیمی تم بھی تھک کر رہ گئیں راہِ محبت میں؟
میرے عہد گزشتہ پر سکوتِ مرگ طاری ہے
میری شمعو، بجھی جاتی ہو کس طوفانِ ظلمت میں؟
میرے شعرو، میرے فردوس گم گشتہ کے نظارو؛
ابھی تک ہے دیارِ روح میں اک روشنی تم سے
کہ میں حسن و محبت پر لٹانے کے لئے تم کو
اُڑا لایا تھا جا کر محفل ِ ومہتاب و انجم سے

  • — — — — — — — — — — — — — — — •  

ن م راشد کی مزید تخلیقات

ن م راشد کی تمام تخلیقات