سمندر کی تہ میں : ن م راشد

سمندر کی تہ میں
سمندر کی سنگین تہ میں
ہے صندوق میں ایک ڈبیا میں ڈبیا

میں کتنے معانی کی صبحیں
وہ صبحیں کہ جن پر رسالت کے دربند
اپنی شعاعوں میں جکڑی ہوئی
کتنی سہمی ہوئی

یہ صندوق کیوں کر گرا؟
نہ جانے کسی نے چرایا؟
ہمارے ہی ہاتھوں سے پھسلا؟
پھسل کر گرا؟

سمندر کی تہ میں۔۔۔ مگر کب
ہمیشہ سے پہلے
ہمیشہ سے بھی سالہا سال پہلے
اور اب تک ہے صندوق کے گرد
لفظوں کی راتوں کا پہرا
وہ لفظوں کی راتیں
جو دیوؤں کی مانند
پانی کے لسدار دیووں کے مانند

یہ لفظوں کی راتیں
سمندر کی تہ میں تو بستی نہیں ہیں
مگر اپنے لاریب پہرے کی خاطر
وہیں رینگتی ہیں
شب و روز
صندوق کے چار سُو رینگتی ہیں
سمندر کی تہ میں
بہت سوچتا ہوں
کبھی یہ معانی کی پاکیزہ صبحوں کی پریاں
رہائی کی اُمید میں
اپنے غواص جادوگروں کی
صدائیں سُنیں گی؟

  • — — — — — — — — — — — — — — — •  

ن م راشد کی مزید تخلیقات

ن م راشد کی تمام تخلیقات